The news is by your side.

اسلام آباد پولیس نے بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے

0

اسلام آباد۔اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔

24 نومبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں پیشرفت ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد پولیس نے 96 نامزد ملزمان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔ ان میں بشریٰ بی بی کے وارنٹ بھی شامل ہیں، جبکہ شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب، اور شیر افضل مروت کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔

کوہسار پولیس نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بھی وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی دیگر رہنماؤں جیسے عالیہ حمزہ، سیمابیہ طاہر، شعیب شاہین، اور علی بخاری کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے۔

پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کو 23 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی ہے، جس سے انہیں گرفتاری سے تحفظ مل گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ملزمان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے گی۔

واضح رہے کہ تھانہ کوہسار کے مقدمے میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو نامزد کیا گیا ہے، اور ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس کے علاوہ، 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کے 16 رہنماؤں پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ان رہنماؤں میں ایم این اے رائے حسن نواز، عبداللہ دمٹر، شیخ راشد شفیق سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ تھانہ سول لائن کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں حاضر ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے، اور عمر ایوب، شبلی فراز، زرتاج گل اور دیگر رہنماؤں نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

Please follow and like us:
Pin Share
Leave A Reply

Your email address will not be published.