امریکی خلائی کمپنی اسپیس ایکس نے فلوریڈا کے کیپ کینیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے 28 نئی وی ٹو انٹرنیٹ سیٹلائٹس کو زمین کے نچلے مدار کی جانب روانہ کر دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ نئی سیٹلائٹس اُن تقریباً 7,300 سیٹلائٹس میں شامل ہو گئی ہیں جو پہلے ہی زمین کے لو-اربت میں گردش کر رہی ہیں۔
یہ مشن فالکن 9 راکٹ کے ذریعے شام 6:51 کے بعد انجام پایا، جو سیٹلائٹس کو اپنے ساتھ لے کر مدار کی جانب روانہ ہوا۔
راکٹ کے پہلے مرحلے کا فیول بوسٹر مشن کے تقریباً ساڑھے آٹھ منٹ بعد بحر اوقیانوس میں موجود اسپیس ایکس کے ڈرون شپ پر باحفاظت واپس اتار لیا گیا۔ یہ اس مخصوص بوسٹر کا 18 واں مشن تھا۔
یہ قابلِ واپسی بوسٹر، جس کا نمبر 1080 ہے، اس سے قبل بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے مشن، دو کارگو پروازوں، یورپی خلائی ایجنسی کی یوکلڈ آبزرویٹری، اور دو نجی خلانوردوں کی پروازوں کے لیے بھی استعمال کیا جا چکا ہے۔
اس مشن کے ساتھ اسپیس ایکس کی جانب سے دوبارہ استعمال ہونے والے بوسٹر کا یہ 440 واں استعمال تھا، جب کہ کمپنی کی مجموعی لانچز کی تعداد 468 تک پہنچ گئی ہے۔ موجودہ سال کے دوران یہ اسپیس ایکس کا 51 واں کامیاب مشن ہے۔