اترپردیش۔پتنگ بازی کے شوقین تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے، لیکن کیا کبھی کسی جانور کو پتنگ اڑاتے ہوئے دیکھا ہے؟ سوشل میڈیا پر ایک ایسی ویڈیو منظرِ عام پر آئی ہے، جس نے دیکھنے والوں کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اتر پردیش کے وارانسی میں ایک بندر پتنگ اڑانے کی کوشش کر رہا ہے، اور اس منظر نے لوگوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ایک غیر ملکی ویب سائٹ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’ایک دلکش منظر میں، وارانسی کے ایک شرارتی بندر نے پتنگ پر قابو پا لیا، جس سے مقامی لوگ حیران اور محظوظ ہوئے۔ لگتا ہے کہ پتنگ بازی میں یہ بندر اگلی بڑی چیز بن سکتا ہے!‘‘
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ چھت پر موجود بندر آسمان میں اُڑتی ہوئی پتنگ کو نیچے کھینچ رہا ہے، جبکہ پسِ منظر میں ایک اور پتنگ اُڑتی نظر آ رہی ہے۔ ویڈیو کے منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین نے اسے خوب پسند کیا۔
بندر کو دھاگا (مانجھا) تھامے اور پتنگ کو بڑی مہارت سے کنٹرول کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ بندر کی یہ حیرت انگیز حرکت دیکھنے والوں کے لیے دلچسپی اور تفریح کا باعث بنی۔
ایک صارف نے بندر کی مہارت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا، ’’آپ یہ اندازہ بھی نہیں لگا سکتے کہ بندر کتنے ذہین ہوتے ہیں۔‘‘