اسلام آباد۔وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے انسداد پولیو مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو کے مرض کو ہمیشہ کے لیے پاکستان سے ختم کر کے دم لیں گے۔
شہباز شریف نے مقامی ہوٹل میں بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلا کر تین روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا، جو 16 سے 19 دسمبر تک جاری رہے گی۔
وزیراعظم نے پولیو کے خلاف جنگ میں تعاون پر بل گیٹس فاؤنڈیشن، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، اور سعودی عرب کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے ہماری بھرپور مدد کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں پولیو کے 60 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جو ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ماضی میں پولیو مہم کے دوران مشکلات کا سامنا رہا، لیکن انشا اللہ صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ہم اس چیلنج پر قابو پائیں گے۔
شہباز شریف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے پلا کر انھیں اس موذی مرض سے بچائیں تاکہ وہ صحت مند زندگی گزار سکیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کے معمار بن سکیں۔
وزیراعظم نے پولیو ٹیموں کی انتھک کوششوں کو سراہا اور کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، بلوچستان، اور شمالی علاقوں کی ٹیمیں مکمل عزم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا جو اس مہم میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔