موبائل ٹیکنالوجی کی دنیا میں معلومات کے افشاء کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ حال ہی میں سام سنگ کے ممکنہ ماڈل ایس 25 ایج سے متعلق تفصیلات منظرِ عام پر آئی تھیں، اور اب آنر 400 کی خفیہ معلومات بھی لیک ہو گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، آنر کے اس نئے فون کا جسمانی ڈھانچہ 156.5×74.6×7.3 ملی میٹر ہوگا جبکہ اس کا وزن تقریباً 184 گرام ہوگا۔
اس جدید ڈیوائس میں 6.55 انچ کی AMOLED اسکرین دی جائے گی، جو 120 ہرٹز کے ریفریش ریٹ کے ساتھ ہموار تجربہ فراہم کرے گی۔
آنر 400 میں اسنیپ ڈریگن 7 جنریشن 3 چپ سیٹ استعمال کی جائے گی اور یہ میجک OS 9.0 پر مشتمل اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
بیٹری کی بات کی جائے تو یہ فون 5300 ایم اے ایچ کی طاقتور بیٹری سے لیس ہوگا، جو 66 واٹ کی سپر فاسٹ چارجنگ کو سپورٹ کرے گی۔
کیمرا سیٹ اپ بھی قابلِ ذکر ہے: فون کا پرائمری کیمرا 200 میگا پکسل کے ساتھ f/1.9 اپرچر کا حامل ہوگا، جب کہ پیچھے کی جانب 112 ڈگری زاویہ رکھنے والا 12 میگا پکسل کا الٹرا وائڈ لینس نصب ہوگا۔ سیلفی کے شوقین صارفین کے لیے فون میں 50 میگا پکسل کا فرنٹ کیمرا موجود ہوگا، جو f/2.0 اپرچر فراہم کرے گا۔