نئی دہلی: ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے بنگلادیشی ٹیم کے بائیکاٹ کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر دباؤ بڑھنے لگا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد رواں ماہ شیڈول بھارت-بنگلادیش کرکٹ میچز منسوخ کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔ ہندو انتہا پسند تنظیم جاناجگروتی سمیتھی نے بھارتی بورڈ کو خط لکھ کر میچز کی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بنگلادیش میں ہندوؤں پر جاری مظالم کی وجہ سے یہ میچز نہیں ہونے چاہئیں۔

تنظیم کا موقف ہے کہ جب تک مظالم ختم نہیں ہوتے، تب تک کوئی میچ نہیں ہونے دینا چاہیے۔ اس سے قبل ایک اور ہندو تنظیم مہاسبھا نے بھی دھمکی دی تھی کہ بنگلادیشی ٹیم کی آمد پر وہ اسٹیڈیم کے باہر احتجاج کریں گے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل چنئی میں کھیلا جائے گا، اور 12 اکتوبر تک جاری رہنے والے دورے میں دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز شامل ہیں۔ میچز چنئی، کانپور، گوالیار، دہلی، اور حیدرآباد میں شیڈول ہیں، جبکہ میچز کے دوران کئی مقامات پر مظاہروں کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔