پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ ہے،ائیر چیف
اسلام آباد — 7 ستمبر کو پاک فضائیہ نے ملک بھر میں تمام پی اے ایف بیسز پر یوم شہداءکے طور پر منایا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے مرکزی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کی قربانیوں، بہادری، اور پیشہ ورانہ مہارت کی تاریخ قابلِ فخر ہے۔ یوم شہداءغیر معمولی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت، اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانی کے جذبے کا مظہر ہے۔ ایئر چیف مارشل نے ابھرتے عالمی منظر نامے میں پاکستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، 7 ستمبر کو پاک فضائیہ نے ملک بھر میں تمام پی اے ایف بیسز پر یوم شہداءکے طور پر اس دن کا آغاز قرآن خوانی سے کیا۔ 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہداءکو بھرپور عقیدت کے ساتھ خراج تحسین پیش کیا گیا۔ قیام پاکستان سے لے کر اب تک فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دینے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یوم شہداءکی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران ایئر چیف نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے جانیں قربان کرنے والے پاک فضائیہ کے شہداءاور ہیروز کے شکر گزار ہیں۔ ہمارے ہیروز آنے والی نسلوں کے لیے قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کر رہے ہیں۔ مادر وطن کے لیے بے پناہ قربانیاں دینے والے ان ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ پاک فضائیہ خلائی، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی صلاحیتوں پر توجہ دی جائے گی۔ شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایئر چیف نے یادگار شہداءپر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔