سیالکوٹ۔وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملک میں بین الاقوامی ایونٹ چیمپئنز ٹرافی منعقد ہونے جا رہی ہے، اس لیے 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات کو دہرائے جانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
سیالکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتجاج اور انتشار کی سیاست کر رہی ہے۔ جب بھی پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کا موقع آتا ہے، یہ فسادی گروہ حالات کو خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے بدامنی پھیلانے کی کوشش کی تھی۔ آج ملک بھر میں یومِ تعمیر و ترقی منایا جا رہا ہے، مگر پی ٹی آئی اب بھی احتجاج اور ہنگامہ آرائی میں مصروف ہے۔ عالمی ایونٹس کی قدر و اہمیت کو کم کرنا ان کا معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہو رہا ہے، جہاں صوابی میں سرکاری وسائل اور مشینری کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔ اگر سیاسی روایات کے مطابق جلسے منعقد کیے جائیں تو کسی کو اعتراض نہیں، مگر پی ٹی آئی قیادت اسلام آباد پر چڑھائی کرنے کو اپنی سیاست کا حصہ بنائے ہوئے ہے۔ ان کی اصل قیادت اپنی ہی جماعت کے مخصوص ٹولے کی سازشوں کا شکار ہو کر پسِ پردہ چلی گئی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ ملکی مفادات کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ جس دن چیمپئنز ٹرافی کا میچ ہے، انہوں نے اسی دن احتجاج کی کال دی ہے، لیکن 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات دوبارہ ہونے نہیں دیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج ہونے والے جلسے میں مختلف گروہ ایک دوسرے کے ساتھ اختلافات کا شکار ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا دعویٰ ہے کہ ان کے 99 فیصد مطالبات پورے ہو چکے ہیں، تو اگر تمام مطالبات تسلیم ہو چکے ہیں، پھر احتجاج کا جواز کیا رہ جاتا ہے؟