اسلام آباد( یو این آئی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار تمام شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلباءو طالبات کے اعزاز میں ِایلومینائی کی پہلی باضابطہ پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کی۔
اردو کے ممتاز شاعر، افتخار عارف، نامور کالم نگار اور تجزیہ کار، محمد اظہار الحق، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر جنرل، ڈاکٹر شاہد سرویا، اکادمی ادبیات پاکستان کی چئیرپرسن، ڈاکٹر نجیبہ عارف، ہیلتھ سروس اکیڈمی( این آئی ایچ )کے وائس چانسلر، ڈاکٹر شہزاد علی خان نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے۔ایلومینائی کے شرکائ میں لیفٹیننٹ جنرل، آصف ممتاز سکھیرا، ادارہ فروغ قومی زبان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ڈاکٹر راشد حمید، ملک کے ماہر پلاسٹک سرجن، ڈاکٹر افضال بشیر، ایم فل قرآن اینڈ تفسیر کے گریجویٹ،سید محسن علی شاہ، اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر زاہد مجید، ڈاکٹرمحمد اجمل چوہدری و دیگر شامل تھے۔
تقریب کا اہتمام ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ ایڈوائزری اینڈ کونسلنگ سروسز نے کیا تھا، بہترین انتظامات پر وائس چانسلر، ایلومینائی اور دیگر شرکائ نے منتظمین بطور خاص ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی کو مبارکباد پیش کی۔
یونیورسٹی کی ایلومینائی نے پرانے طلبہ کو یاد کرنے اور اکٹھے بیٹھنے کا موقع فراہم کرنے پر وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں بیتے لمحات کو یاد کیااور کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی بدولت آج وہ اس مقام پر کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے آنے سے یونیورسٹی میں نئی رونق پیدا ہوگئی ہے، کانووکیشن کے بعد ایلومینائی کے انعقاد جیسی اچھی اچھی خبریں سننے کو مل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یونیورسٹی کے فیملی ممبرز ہیں اور یونیورسٹی کی نیک نامی میں کردار ادا کرنے کے لئے ہمہ وقت حاضر رہیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کو علم کی روشنی بکھیرتے ہوئے 50سال پورے ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں 50لاکھ طلبہ گریجویٹ ہوچکے ہیں۔ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ ایلومینائی ہمارا فخر ہے جو آج مختلف شعبہ جات میں فرائض سر انجام دے رہے ہیں اور ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔افتخار عارف نے ایلومینائی کی تقریب پر منتظمین اور یونیورسٹی کی50ویں سالگرہ پر وائس چانسلر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میں اس جامعہ سے بطور ایگزیکٹو کونسل کے رکن کی حیثیت سے وابستہ رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کی تعلیمی خدمات قابل تعریف ہیں۔افتخار عارف نے تین غزلیں اور چند اشغار سنائے۔
محمد اظہار الحق نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی کی ایلومینائی خوش قسمت ہے جو آج اپنے مادر علمی آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ڈھاکہ یونیورسٹی کا گریجویٹ ہوں جہاں میں جانے سے قاصر ہوں۔انہوں نے غزلیں اور اشعار پیش کرکے محفل کو خوب گرمایا۔تقریب سے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز، ڈاکٹر عبدالعزیز ساحر، فیکلٹی آف سائنسز کی ڈین، پروفیسر ڈاکٹر ہاجرہ احمد، ڈاکٹر طاہرہ بی بی اور ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افئیرز، سید غلام کاظم علی نے بھی خطاب کیا۔ِ