تہران: ایران میں میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی، جس میں تقریباً 70 کان کن دب گئے۔ایران کی سرکاری میڈیا کے مطابق، دھماکا جنوبی صوبے خراسان میں واقع کوئلے کی کان میں ہوا۔ امدادی کارروائیوں کے دوران 45 سے زائد کان کنوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔اس وقت کوئلے کی کان میں اب بھی 25 کان کن دبے ہوئے ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق اسپتال لائے گئے کان کنوں میں سے 30 کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ مزید 17 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔بعد میں کان میں دبے ہوئے مزید کان کنوں کی لاشیں نکالی گئیں، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 51 تک پہنچ گئی۔ زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ایران میں کوئلے کی کان کے حادثات عموماً ناقص انفراسٹرکچر اور حفاظتی تدابیر کے نہ ہونے کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔