اسلام آباد۔پاکستان تحریک انصاف کے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھڑوانے کے لیے نامعلوم افراد نے قیدیوں کی وین پر حملہ کردیا اورمتعدد قیدی فرار ہوگئے۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ ہوا جہاں پولیس 82 قیدیوں کو عدالت میں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کر رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 4 ڈالوں میں سوار ملزمان نے سنگجانی ٹول پلازہ کے نزدیک قیدی وینوں پر حملہ کر دیا، ملزمان اسلحہ، ڈنڈے سوٹوں اور پتھروں سے لیس تھے، حملے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 3 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے سینئر افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں، تمام تر صورت حال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے، حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی شروع کردیے ہیں اور حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی تین وینز میں ڈی چوک احتجاج کے 187 ملزمان کو اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں نے تین قیدی بسوں پر حملہ کیا تاہم پولیس نے واقعے سے متعلق عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی ملزمان کی قیدی وینوں پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا اور مبینہ طور پر متعدد قیدیوں کو چھڑوانے کی کوشش کی جس سے ناکام بنادیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وین کے شیشے بھی ٹوٹے جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 25 سے 30 تھی ، جنھوں نے قیدیوں کی وین پر فائرنگ بھی کی، قیدیوں کی وین میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے قیدی سوار تھے۔پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ قیدی وینوں میں 150 سے زائد قیدی موجود تھے۔