کراچی(شوبز نیوز)پاکستان کے معروف سینئر اداکار، ہدایتکار اور صداکار طلعت حسین انتقال کرگئے۔صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے بتایا کہ طلعت حسین کافی عرصے سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔طلعت حسین کی نماز جنازہ مسجد عائشہ ڈیفنس میں ادا کی گئی، ان کی تدفین ڈیفنس 8 کے قبرستان میں کی گئی۔نماز جنازہ میں اداکار شبیرجان، منور سعید، جاوید شیخ، سلیم شیخ، شہزاد رضا، نبیل سمیت دیگر اداکار شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ سابق صدر عارف علوی اور میئرکراچی مرتضٰی وہاب سمیت دیگر معروف شخصیات بھی جنازے میں شریک ہوئیں۔طلعت حسین بھارت کے شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے۔صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ کے مطابق طلعت حسین کافی روز سے نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل تھے، وہ شروع سے ہی آرٹس کونسل کراچی کے رکن رہے اور وہ آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی میں بھی شامل تھے۔احمد شاہ نے کہا کہ مرحوم طلعت حسین ایک بہترین انسان اور زبردست آرٹسٹ تھے، انہوں نے متعدد ملکی و غیرملکی فلموں اور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی انسٹاگرام پر اداکار کے انتقال کی خبر شیئر کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔