قومی اسمبلی آج سے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغازکرے گی .

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز)
قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام چار بجے پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ہوگا۔ قومی اسمبلی اجلاس کا 24نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا۔جس کے مطابق ایوان آج سے وزیر اعظم کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کرے گا ،

اپوزیشن کی قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں۔ اس لیے وہ اب وزارت عظمی کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف تحریک پر بحث کا آغاز کریں گے۔ ایجنڈے پر موجود معمول کی کارروائی معطل کر کے تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز ہو گا ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اجلاس کی صدارت کریں گے،

رولز کے مطابق تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد کم سے کم 3 دن تک ایوان میں بحث ہوگی۔ رولز کے مطابق بحث کو سات دن تک جاری رکھنا اسپیکر کی صوابدید پر منحصر ہے۔مشیر پارلیمانی امور الیکشن ایکٹ ترمیمی (دوسری ترمیم) بل بھی ایوان میں پیش کریں گے۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ سے باہر اپوزیشن نے حکومت پر اپنی عددی برتری ثابت کر دی ہے جو 197سے199 ارکان پر مشتمل ہے جو اس بات کی غماز ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل نہیں رہا ،

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان بھی اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے اور اسے ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں ، انھوں نے اس سلسلے میں بدھ کے روز وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر کے وزراء سے وہ خط شیئر کیا جس کا انکشاف انھوں نے 2 مارچ کو پریڈ گراونڈ اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں کیا ، ان کی جانب سے مخصوص سینئر صحافیوں کو بھی اس خط کے بارے میں اعتماد میں لیا گیا ،

خبر ہے کہ بدھ کے روز ہی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلی عسکری حکام نے بھی ان سے دو مرتبہ وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی.

اپنا تبصرہ بھیجیں