اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16.79 روپے تک فی لیٹراضافہ کی تجویز کوموخرکردیا ہے، یکم فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی۔وزارت خزانہ کی جانب سے پیرکویہاں جاری بیان میں کہاگیاہے کہ بین الاقوامی منڈیوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہورہاہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس وقت 2014 کے بعد سے بلند ترین سطح پر ہیں۔ گزشتہ ماہ کے دوران عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 14.5 فیصد کا اضافہ ہواہے۔وزارت خزانہ کے مطابق مختلف پیٹرولیم مصنوعات پر عائد سیلز ٹیکس کی شرح اور پیٹرولیم لیوی بجٹ کے اہداف سے بہت کم ہے۔ بجٹ کے حساب سے پیٹرولئیم لیوی اورپیٹرولئیم مصنوعات پر سیلزٹیکس کی کم شرح سے حکومت کو 15 دنوں میں 30 ارب روپے کا ریونیوکی مدمیں نقصان ہورہاہے جبکہ سیلزٹیکس میں کمی سے یہ سالانہ 260 ارب روپے کا نقصان ہے جوحکومت برداشت کررہی ہے۔وزارت خزانہ نے کہاہے کہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے محصولات میں ہونے والے نقصان کے باوجود وزیراعظم پاکستان نے اوگرا کی جانب سے پیٹرولئیم کی قیمتوں میں 16.79 روپے تک اضافہ کی تجویز کو موخر کر دیا ہے۔عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقراررہیں گی۔وزیر اعظم نے اس امرکا اظہارکیاہے کہ ضرورت کے مطابق سیلز ٹیکس میں ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے قیمتیں اسی سطح پر رکھی جائیں۔
