اسلام آباد۔۔۔۔۔وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے قانون کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے،حکومت ماحولیاتی تحفظ کیلئے جنگلات کی زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے،فوڈ سیکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی اس وقت بشمول پاکستان دنیا بھر کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزقومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و تعمیرات کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل اور متعلقہ اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ماحولیاتی تحفظ کیلئے جنگلات کی زمینوں کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ سکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی اس وقت بشمول پاکستان دنیا بھر کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قبضہ شدہ زمین کو واگزار کرانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، کیڈسٹرل میپنگ سے ڈیڈ کیپٹل کی نشاندہی اور اس کا بہتر استعمال ممکن ہو سکے گا۔اجلاس کو چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ سیکٹر I-15 کی تکمیل ایک سال کی قلیل مدت میں یقینی بنائی گئی، نیا پاکستان ہاؤسنگ کے تحت فراش ٹاؤن اور دیگر انفراسٹرکچر کے منصوبے بھی جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں جنگلات کی زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن بھی تقریباً مکمل کی جا چکی ہے۔اجلاس کو سروئیر جنرل کی طرف سے کیڈسٹرل میپنگ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پورے ملک میں ڈیجیٹل میپنگ اور سرکاری زمینوں کی نشاندہی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں سپیشل/سائیٹ ڈویلپمنٹ زونز پر بھی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ ڈویلپمنٹ زونز پیری اربن سیٹلمنٹس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، منصوبے سے زمین کا بہتر استعمال اور غیر قانونی سوسائٹیوں کی روک تھام میں مدد بھی ملے گی۔۔
