الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو یکم مئی کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد (یو این آئی) :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کو یکم مئی کی ریلی منسوخ کرنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے پر ضابطہ اخلاق کی شقوں کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا، نوٹس چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے نام جاری کیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جلسے جلوسوں اور ریلیوں کیلئے ضلعی انتطامیہ سے اجازت لینا ضروری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار اپنی ریلیوں اور جلسوں کے حوالے سے قبل از وقت مقامی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں تاکہ انتظامیہ مناسب سکیورٹی اور دیگر ضروری انتظامات کر سکے، تحریک انصاف نے یکم مئی کو لبرٹی چوک سے ناصر باغ تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس غیر قانونی ہے اسے واپس لیا جائے۔

سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس واپس لینے کیلئے لکھا جا رہا ہے، تحریک انصاف کی ریلی کو معمول کے مطابق ہونے دیا جائے، الیکشن کمیشن ہر قدم سے ثابت کر رہا ہے کہ وہ جانبدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو نوٹس دیا کہ آپ لیبر ڈے پر ریلی نہیں نکال سکتے، یکم مئی کو مزدوروں سے اظہار یکجہتی کیلئے سماجی و سیاسی جماعتیں ریلیاں نکالتی ہیں، حیران کن بات ہے کہ کہا جائے کہ یکم مئی کو ریلی نہیں نکال سکتے۔

تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے مزید کہا ہے کہ الیکشن کمیشن سوائے الیکشن کے ہر کام کروانا چاہ رہا ہے، پاکستان میں کیا جمہوریت ہے، الیکشن کمیشن ملک کو کدھر لیکر جانا چاہتا ہے، الیکشن کمیشن لیڈرز کو نوٹسز اور ریلیوں پر پابندیاں لگا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں