جنوبی پنجاب صوبے کے لیے بلاول اورشہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے،شاہ محمود قریشی

ملتان ( یوا ین آئی نیوز)
وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہےکہ اسٹیٹ بینک بل پرپیپلزپارٹی اور ن لیگ نے فراخدلی کا ثبوت دیا، امید ہے جنوبی پنجاب صوبےکے قیام کے لیے بھی اپوزیشن فراخدلی کا ثبوت دے گی۔

ملتان میں میڈیا سےگفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے نہیں کیا، اسٹیٹ بینک آج بھی بورڈ آف گورنرزکو جواب دہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر یوسف رضا گیلانی پر طنزکرتے ہوئے کہا کہ مانا کہ سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا رات 12 بجے ملا، لیکن 5 گھنٹے لگتے ہیں ملتان سے اسلام آباد سینیٹ کی دہلیز تک پہنچنے میں، اگر وہ جانا چاہتے تو جاسکتے تھے، پھر بھی ہم ان کے شکر گزار ہیں انہوں نے جو کیا ٹھیک کیا، جس طریقے سے یوسف رضا گیلانی منتخب ہوئے اس کے بھی ہم راز دار ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے بلاول اورشہباز شریف کو خط لکھ دیا ہے، اسٹیٹ بینک بل پرپیپلزپارٹی اور ن لیگ نے فراخدلی کا ثبوت دیا، امید ہے جنوبی پنجاب صوبےکے قیام کے لیے بھی اپوزیشن فراخدلی کا ثبوت دے گی، جس طرح پیپلز پارٹی نے سینیٹ میں اسٹیٹ بینک بل ترمیم پر ساتھ دیا اسی طرح جنوبی پنجاب پر ساتھ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے بلدیاتی قانون کی حمایت میں پیپلزپارٹی سندھ میں تنہا ہے، بلدیاتی قانون کے خلاف مظاہرین پر پیپلزپارٹی نے طاقت کا استعمال کیا، ہم مؤثر بلدیاتی نظام دینا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی کے سوا تمام جماعتوں نے سندھ کے بلدیاتی نظام کو مسترد کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں