چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اعلان جنگ

سرگودھا ( یوا ین آئی نیوز)
پا کستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف اعلان جنگ کردیا۔

سرگودھا کے موضع سیال شریف میں جلسہ عام سے خطاب میں بلاول کا کہنا تھاکہ وقت آگیا ہے کہ عمران خان پر پارلیمنٹ میں حملہ کیا جائے اور انھیں حکومت سے نکالا جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ اگر پنجاب والے پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں تو عمران خان کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی، بہت جھوٹ سن چکے، اب نہیں سنیں گے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ کرپشن کرپشن کا کہہ کر عوام کے کان پکا دیے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کہہ رہی ہے جتنی کرپشن عمران خان کے دور میں ہوئی ملکی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھاکہ وقت کے ظالم، کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ وزیر اعظم کا مقابلہ کرنے میدان میں نکلے ہیں، 27 فروری کو حکومت کے خلاف نکلیں گے۔

بلاول کا کہنا تھاکہ تبدیلی کے نام پر ملک میں تباہی چل رہی ہے، ہم نے پہلے کہا تھا آئی ایم ایف سے ڈیل ٹھیک نہیں، آئی ایم ایف سےڈیل کا بوجھ عام آدمی مہنگائی اور غربت کی صورت میں اٹھائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو فصل کی پوری قیمت نہیں مل رہی، کھاد کے بحران کے باعث کسان پریشان ہیں، اس ناکام حکومت نے ملک کی زراعت کو تباہ کیا، زراعت ہماری معیشت کی ریڑ ھ کی ہڈی ہے، حکومت نےہماری ریڑھ کی ہڈی کو نقصان پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں