نیوزی لینڈ کو شکست،پاکستان کو دوصفر سے برتری ،فخرزمان کی شاندار سنچری

راولپنڈی(یو این آئی)5 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں فخر زمان کی مسلسل دوسری سنچری کے باعث پاکستان نے نیوزی لینڈ کا 336 رنز کا ہدف باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پانچ میچز کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے قائد ٹام لیتھم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

قومی ٹیم کی طرف سے باری کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، دونوں نے ایک مرتبہ پھر سکور کو جارحانہ انداز میں آگے بڑھایا اور حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی، 66 کے مجموعی سکور پر پہلے میچ میں ففٹی بنانے والے امام الحق 26 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ہینری کا نشانہ بن گئے۔ ڈیرل مچل نے کیچ تھاما۔

اس کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے زبردست باری کھیلی، اس دوران انہوں نے وکٹ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیل کر حریف باؤلرز کو مکمل طور پر بے بس کیے رکھا، میچ کے دوران قومی کپتان نے اپنے کیریئر کی 25 ویں ففٹی مکمل جبکہ فخر زمان کے ساتھ مل کر اپنے کیریئر کی چھٹی سنچری شراکت داری قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 122 گیندوں پر 135 رنز کی پارٹنر شپ بنی جس کااختتام ایش سوڈھی نے کیا، جنہوں نے کپتان کو 65 رنز بنا پر بوئس کی مدد سے پویلین بھیج دیا۔ قومی ٹیم کو تیسرا نقصان عبد اللہ شفیق کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 14 گیندوں پر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شپلی نے وکٹ حاصل کی۔

میچ کے دوران خاص بات یہ تھی کہ فخر زمان نے اپنے کیریئر کی دسویں اور جبکہ سیریز کی مسلسل دوسری سنچری بنائی، گزشتہ تین میچز کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی تیسری سنچری بھی تھی۔ جبکہ وہ پاکستان کی طرف سے تیز ترین ہزار رنز بنانے والے بیٹر بھی بن گئے۔

انہوں نے 83 گیندوں پر اپنی دسویں سنچری مکمل کی تھی، اس کے بعد انہوں نے 150 رنز 125 گیندوں پر بنائے جبکہ اس دوران چند زبردست چھکے لگا کر حریف باؤلرز کو تگنی کا ناچ نچایا۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں تیسری مرتبہ 150 رنز کا ہدف عبور کیا، کیونکہ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف ڈبل سنچری، جنوبی افریقا کیخلاف 193 رنز کی باری کھیل چکے ہیں۔

قومی ٹیم نے 336 رنز کا ہدف 49 ویں اوورز میں ہنستے کھیلتے ہوئے عبور کر لیا۔ فخر زمان نے 180 رنز کی فتح گر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جبکہ محمد رضوان 54 کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ہینری، شپلے اور ایش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں