ایبٹ آباد (یو این آئی نیوز)کنٹونمنٹ کے زیر انتظام علاقوں سے نجی اداروں کی مبینہ بیدخلی کے معاملے پر سیمینار آج یہاں منعقدہو گا۔ جس میں سپیکر صوبائی اسمبلی خیبر پختونخواہ مشتاق غنی مہمان خصوصی ہوں گے۔ جبکہ ممبر ان قومی اسمبلی علی خان جدون اور عظمی جدون بطورگیسٹ آف آنر سیمینار میں شریک ہوں گے۔ ماہر تعلیم چنگیز خان سیمینار کی صدارت کریں گے۔ سیمینار میں ایبٹ آباد کے علاوہ راولپنڈی، نوشہرہ، حویلیاں اور پشاور سے بھی وفود شرکت کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز نے اپنے رہائشی علاقوں سے نجی تعلیمی اداروں کو بے دخلی کے نوٹس جاری کئے ہیں جس سے تعلیمی، سیاسی،دانشور و سماجی حلقوں اور خصوصی طور پر والدین میں تشویش پائی جاتی ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کی بندش اور شہر سے دور جانے کی صورت میں انہیں گوناگوں مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ والدین کا کہنا ہے کہ سکول رہائشی علاقوں میں ہوتے ہیں نہ کہ شہر سے دور۔ کیا چھوٹے معصوم بچوں کو شہر سے دور بیابان میں تعلیم کے لئے بھیجا جائے؟ کرونا کیوجہ سے تعلیمی نقصان کو پورا کرنے کے لئے تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ ہونا چاہئے تھا چہ جائکہ تعلیمی عمل کو جڑ سے اکھاڑ کر پھنک دیا جائے۔سیمینار ماڈرن ایج گرلز سکول ایبٹ آباد کے ہال میں تین بجے بعد دوپہر شروع ہو گا ،
