پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈےمیچ ہفتے کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا .

اسلام آباد(یو این آئی):پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کل ( بروز ہفتہ)راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈے نائٹ ہو گا جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر ساڑھے تین بجے ہو گا۔ پاکستان کو پانچ میچوں کی سیریز میں کیویز کے خلاف 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ میچ میں مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر رہی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا ، ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ( کل)راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔ ایک روز میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم لیڈ کریں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں شاداب خان ، محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی ، فخر زمان اور حارث رؤف شامل ہیں ،

مہمان ٹیم نیوزی لینڈ اوپنر بیٹر ٹام لیتھم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں جیمز نیشم ، ایڈم ملن ، ٹام بلنڈل ، ڈیرل مچل ، مارک چیپمین جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 3 مئی، چوتھا میچ 5 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 7 مئی کو کھیلا جائے گا، پہلے دو میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم جبکہ آخری تین میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں