راولپنڈی ( یو این آئی نیوز)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مذموم مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ نہ صرف غلط فہمیاں پیدا کرنے کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے معاشرے کی ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔ ڈس انفارمیشن مہم کا مقابلہ کرنے اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت ہے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز لاہور میں ملک کی مختلف جامعات کے وی سیز ،، فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کے دوران کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کو لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انھیں کور ہیڈ کوارٹرز میںفارمیشن کے مختلف آپریشنل اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں انھوں نےمختلف جامعات بشمول لمز ، ایف سی یو ، یو ای ٹی ،ایل ایس ای، پی یو اور جی سی یو کے وی سیز، فیکلٹی اور طلباء سے ملاقات کی۔ اس موقع پرآرمی چیف نے مستقبل کی قیادت کی تیاری اورشہریوں کو کارآمد بنانے میں ان اہم تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ماحولیات کے شعبوں میں ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ کی اشد ضرورت ہے۔ آرمی چیف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مذموم مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلا و نہ صرف غلط فہمیاں پیدا کرنے کا باعث بن رہا ہے بلکہ اس سے معاشرے کی آہنگی کو خطرہ ہے۔ آرمی چیف نے ڈس انفارمیشن مہم کا مقابلہ کرنے اور ملک دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان بہت زیادہ ذہین اور محنتی ہیں، جو موقع اور ماحول ملنے پر پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔ فیکلٹی ممبران اور طلباء نے اس موقع پرآرمی چیف سے سوالات بھی کیے اور اس بات چیت کو بہت مثبت اور معلوماتی قرار دیا۔اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی موجود تھے۔
