راولپنڈی ( یو این آئی نیوز) چیف آف آرمی سٹاف نے گذشتہ روز ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ ملتان کا دورہ کیا جہاں انھوں نے سٹرائیک کور کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر انھیں فارمیشن کے آپریشنل، تربیتی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں آرمی چیف نے کوٹ عبدالحکیم کا دورہ کیا جہاں انھوں نے جنگی حربوں کے حوالے سے پانی کی بڑی رکاوٹوں کی مشقوں میں مصروف سٹرائیک کور کے دستوں کی مربوط تربیتی کے عمل کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر افسروں اور جوانوںسے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں فوجیوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں اور ان کی بہترین جنگی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارتی ہیں۔ انھوں نے ریمارکس دیئے کہ پاک فوج، ایک اچھی تربیت یافتہ اور جنگ میں سخت جان فورس ہے جو پاکستان کے دفاع اور سلامتی کو درپیش کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انھوں نے کہا کہ چیلنجوں کے باوجود، ہماری توجہ پاک فوج کی روایتی صلاحیتوں بشمول آئی ایس آر،فضائی دفاع، سائبر اور میکانائزیشن کو بڑھانے پر مرکوز ہے، آرمی چیف نے زور دے کر کہا کہ مستقبل کے میدان جنگ میں ٹیکنالوجی سے لیس صرف تربیت یافتہ فوج ہی ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حفاظت کر سکتی ہے۔قبل ازیں ہیڈکوارٹر سدرن کمانڈ آمد پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد چراغ حیدر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
