اسد عمر کےسیکرٹری جنرل کے بعد پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کی رونقیں بحال،

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کو چیرمین عمران خان کی جانب سے پارٹی کا سیکرٹری جنرل مقر ر کیے جانے کے بعد پارٹی سیکرٹریٹ متحرک ہو نے سے اس کی رونقیں بحال ہونے لگیں ، ذرائع کے مطابق اسد عمر نے سرکاری ذمہ داریوں کے ساتھ پارٹی کی ذمہ داریوں کو بھی بطریق احسن نبھانے میں مصروف دکھائی دینے لگے ہیں جبکہ قبل ازیں سینئر عہدیدار وں میں آپس کی ریشہ دوانیوں اور کھینچا تانی کے باعث پارٹی سیکرٹریٹ نظر انداز ہو کر رہ گیا تھا جس کی قلعی ملک میںمختلف سطح پر ہونے والے بلدیاتی الیکشنوں نےکھول کر رکھ دی تھی ، ان معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے پارٹی چیرمین عمران خان نے پہلے مرحلے میں پارٹی سیکرٹری جنرل کو تبدیل کیا اور اس کے بعد تمام پارٹی عہدوں پر نئی نامزدگیاں کر کے پوری تنظیم کو تبدیل کر دیا ، ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اسد عمر پارٹی پر بھی پھرپور توجہ دے رہے ہیں ، ان کے تواتر کے ساتھ مرکزی سیکرٹریٹ میں بیٹھنے کے نتیجے میں وہاں کی رونقیں بحال ہونے لگی ہیں اور کارکنان ایک بار پھر اس کا رخ کرتے دکھائی دے رہے ہیں ،گذشتہ روز انصاف لائیرز فورم کے عہدیداران نے اسد عمر سے ملاقات کی اور انھیں سیکرٹری جنرل کاعہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی ، اس موقع پر اسد عمر کا کہنا تھا کہ وکلا کی پارٹی کے اندر بہت اہمیت ہے جو جدوجہد میں ہمیشہ عمران خان کے شانہ بشانہ رہے ہیں ، ہم ان کی مدد سے ملک کے اندر بہتری لائیں گے ۔اسد عمر نے سکیرٹریٹ کا دورہ کرنے والے کارکنان سے بھی ملاقات کی اور پارٹی کے لیے ان کی جدوجہد کو سراہا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں