اسلام آباد ( یو این آئی نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ کراچی میں مہنگائی سب سے زیادہ ہے، مافیاز سےکوئی رعایت نہیں ہوگی۔سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ملک میں کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، یہ لوگ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں اور خود اس سے بڑھ کرفاشسٹ ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال اوراپوزیشن جماعتوں کے حکومت مخالف بیانیے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز کی آڈیو ٹیپ پربھی گفتگو ہوئی، وزارت اطلاعات نےکارروائی سےمتعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ ہمیں فاشسٹ کہتے ہیں یہ خود اس سے بڑھ کر فاشسٹ ہیں، مریم نوازکس حیثیت میں فیصلے کرتی رہی ہیں، ان لوگوں کا کچا چٹھا سب کے سامنے آگیاہے۔پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں ملک میں کھاد کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے، سندھ میں کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے ملک میں کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ سندھ حکومت کھاد کے ذخیرہ اندوزون کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی۔وزیراعظم نے کھاد کی ذخیرہ اندوزی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صوبہ سندھ کے ساتھ معاملہ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔بعدا زاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ دنیا میں مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ، حکومت کوشاں ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی کی لہر کا عوام پر کم سے کم اثر ہو، پنجاب میں ذخیرہ اندوزوں اور دیگر مافیاز کے خلاف کارروائیاں سب کے سامنے ہیں ، سندھ حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہےاورعوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے،سابقہ دور میں مریم صفدراپنی سیاہ کاریاں چھپانے کیلئے میڈیا سیل کنٹرول کرتی رہی ہیں ہماری حکومت میں میڈیا آزاد ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سندھ حکومت مافیاز کے توسط سے عوام کا استحصال کر رہی ہے، پنجاب میں20 کلو آٹے کا تھیلا 1100 جبکہ سندھ میں 1500 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں یوریا کھاد کی ذخیرہ اندوزی کی جا رہی ہے،اربوں روپے کی گندم چوری کی گئی اور سندھ حکومت نے معاملہ چوہوں پر ڈال دیا۔ فرخ حبیب نے کہا کہ سابقہ دور میں مریم صفدراپنی سیاہ کاریاں چھپانے کیلئے میڈیا سیل کنٹرول کرتی رہی ہیں تحریک انصاف کی حکومت میں میڈیا کو آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہم پہ بھی تنقید کر تا ہے لیکن کبھی اشتہارات بند نہیں کئے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سندھ میں تقریباً سارے ترقیاتی کام وفاق کی جانب سے کئے جارہے ہیں ، وزیراعظم عمران خان سندھ کی عوام کی معاشی ترقی کیلئے ہرممکن اقدام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسانوں کو کئی کئی ماہ تک گنے کے پیسے نہیں ملتے تھے اب 15 دن میں ادائیگی ہو رہی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصو صی برائے امور نوجوانان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کامیاب جوان پروگرام کے مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت 50 ہزار سے زائد نوجوانوں کو قرضے فراہم کئے جاچکے ہیں۔ عثمان ڈار نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔
