راولپنڈی (یو این آئی نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کوویڈ ۔19کے خلاف آرمی میڈیکل کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے صف اول کے جنگجوں کا کردار ادا کیا ہے ، امن اور جنگ کے دوران صحت کی دیکھ بھال کے اعلی معیار کو یقینی بنانے میں اے ایم سی کا تعاون قابل تعریف ہے ، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز آرمی میڈیکل کورسینٹر ایبٹ آباد کے دورے کے موقع پرکیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کو اے ایم سی کی کرنل کمانڈنٹ کے طور پر تعینات ہونے والی پہلی خاتون جنرل کے رینک کے بیجز لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے امن اور جنگ کے دوران صحت کی دیکھ بھال کے اعلی معیار کو یقینی بنانے میں آرمی میڈیکل کورکے تعاون کی تعریف کی۔انھوں نے کہاکہ آرمی میڈیکل کور نے ہمیشہ اندرون اور بیرون ملک قدرتی آفات کے دوران اپنا کردار فرض شناسی سے ادا کیا ہے ۔ ہمارے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف COVID-19 کے خلاف صف اول کے جنگجو رہے ہیں اور انھوں نے پاکستان کے عوام کی حفاظت اور بہبود کے لیے مثالی عزم کا مظاہرہ کیا ہے ۔ آرمی چیف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان آرمی کی پہلی تھری سٹار خاتون جنرل آفیسر کی بطور کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی کی حیثیت سے تقرری درحقیقت پاکستانی فوج اور ملک کے لیے بے حد فخر کی بات ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل کور کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تاکید کی کہ ان کے لیے میڈیکل سائنس میں تیز رفتار ترقی کے ساتھ اپنی رفتارکو برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ وہ جدید فوجوں کے مقابلے کے قابل ہونے کے علاوہ صحت کی نگہداشت کے بہترین عالمی طریقوں سے بھی آگاہ رہ سکیں ۔قبل ازیں آرمی میڈیکل کورسینٹر ایبٹ آباد آمد پر آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
