اسلام آباد ( یو این آئی نیوز )وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ فرانسیسی سفیر کے انخلاء کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر اتفاق ہے، ملک و قوم کی بہتری کیلئے کالعدم ٹی ایل پی کے رہنمائوں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں، ہم ملک میں ہر صورت امن برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تمام افواہیں دم توڑ گئیں، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس کے بعد گذشتہ روز یہاں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ، وزیر مذہبی اموراور بعض دیگر وزراء کے علاوہ چیف آف آرمی سٹاف ، ڈی جی آئی ایس آئی ، ڈی جی ایم آئی سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے شرکت کی ، اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ مذاکرات کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ طے شدہ تمام معاملات پر قائم ہیں، فرانسیسی سفیر کے انخلاء کے مطالبہ کے علاوہ دیگر تمام مطالبات پر بات چیت ہو سکتی ہے، کالعدم ٹی ایل پی کو وعدے کے مطابق منگل کی رات 12 بجے تک سڑک کے دونوں اطراف کھول دینے چاہئیں، کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ منگل کی شب 8 بجے اور بدھ کی صبح 10 بجے پھر رابطہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایمٹی طاقت ہے ، کے خلاف پابندیاں لگانے کی سازشیں ہو رہی ہیں، ہماری اقتصادی صورتحال سب کے سامنے ہے ،ملک میں مہنگائی ہے ، ڈالر پر بھی دبائو ہے ، فرانسیسی سفارتخانہ کی بندش اور فرانسیسی سفیر کو نکالنے سے پاکستان کو عالمی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، فرانس یورپ کو لیڈ کرتا ہے اور سارے یورپی ممالک فرانس کے ساتھ کھڑے ہیں، ملکی مفاد میں کالعدم ٹی ایل پی فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے فیصلے پر نظرثانی کرے، اس پر حکومت اور تمام اداروں کا اتفاق ہے ،اس مسئلے ہر ہماری مجبوریا ں ہیں ،ٹی ایل پی کی قیادت سے کہوں گا کہ وہ فرانس کے سفیر کے انخلاء کے اپنے مطالبے پر نظر ثانی کرے،انھوں نے کہا کہ ملک و قوم کی بہتری کیلئے ٹی ایل پی رہنمائوں سے مثبت فیصلے کی امید رکھتا ہوں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کا یہ مجموعی طور پر چھٹا دھرنا ہے، ٹی ایل پی نے 19 اکتوبر 2021ء کو یوم ولادت رسول پر دھرنا دیا، اس دن وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر حکومتی سطح پر یوم ولادت رسول ۖ کا جشن بھرپور انداز میں منایا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت ۖ اور ختم نبوت پر یقین کے بغیر ہم مسلمان نہیں ہو سکتے، ناموس رسالت، کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے، میں نے ناموس رسالت پر پارلیمنٹ ہائوس میں سب سے پہلے آواز اٹھائی، ناموس رسالت پر میں نے سب سے زیادہ جیلیں کاٹیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اساس لا الہ الا اﷲ پر ہے، ہم ملک میں ہر صورت امن برقرار رکھنا چاہتے ہیں اور کوئی ایسی بدامنی نہیں چاہتے جس سے پاکستان کی سالمیت کو کوئی اثر پڑے ٹی ایل پی کے جتنے لوگ پکڑے گئے ہیں اور فورتھ شیڈول میں ہیں، اس معاملہ پر بھی بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ایک مطالبہ پر 2 نومبر کی تاریخ طے کی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اس معاملہ کو مستقل طور پر حل کریں، ایسا نہ ہو کہ یہ 2 نومبر کو ایک معاملہ پر پھر احتجاج کریں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ اگر فرانس کے سفیر کے معاملے کو پارلیمنٹ میں لے کر گئے تو وہاں اپوزیشن نہیں آئے گی ، وزیر داخلہ نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی ہیں جبکہ 20 نومبر کو لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس عہدے کا چارج سنبھالیں گے، نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، تمام افواہیں دم توڑ گئیں، سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر ہے۔
