لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا

اسلام آباد (یو این آئی نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021ء سے ہو گا۔ جبکہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ء تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔وزیر اعظم آفس کے میڈیا سیل کے مطابق منگل کو وزیر اعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے ۔یہ ملاقات آئی ایس آئی میں کمانڈ کی تبدیلی اور نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے انتخاب کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان جاری مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔اس عمل کے دوران وزارت دفاع سے افسران کی فہرست موصول ہوئی۔ وزیراعظم نے تمام نامزد امیدواروں کا انٹرویو کیا۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان مشاورت کا حتمی دور ہوا۔تفصیلی مشاورتی عمل کے بعد نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے طور پر لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔نامزد ڈی جی آئی ایس آئی 20 نومبر 2021 کو چارج سنبھالیں گے۔ملاقات کے بعد وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے دستخط سے نوٹیفکیشن جاری ہوا۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر 2021ء تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی کے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔یاد رہے کہ 6 اکتوبر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کا نیا ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) تعینات کیا گیا تھا۔لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔انہوں نے کمبائنڈ آرمرز سینٹر برطانیہ سے گریجویشن کی، لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، نئے ڈی جی آئی ایس آئی روایتی خطرات سے نمٹنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم آپریشن ضرب عضب کے دوران اس وقت کے قبائلی علاقے علاقے کُرم ایجنسی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں، وہ ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی بننے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے، ان کے کھیلوں میں پسندیدہ باسکٹ بال اور کرکٹ ہے، وہ پی ایم اے، سٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر بھی رہے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کراچی کور کے چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں

اپنا تبصرہ بھیجیں