اسلام آباد ( یو این آئی نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ گذشتہ روز تین اچھی خبریں آئیں ، سوشل میڈیا پر اپنے ایک ٹویٹ میں انھوں نے کہا کہ پہلی خبر یہ تھی کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کر دی ، دوسری خبر میں سعودی عرب نے پاکستان سے براہ راست فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کر دیا اور تیسری خبر یہ رہی کہ سعودی عرب سے تین ارب ڈالر کی ٹرانسفر میں تمام قانونی معاملات طے ہوگئے اور یہ ڈالر اس ہفتے پاکستان کو مل جائینگے،
واضح رہے کہ سعودی حکومت نے جمعرات کے روز مختلف ممالک پر عائد سفری پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔سفری پابندی ختم ہونے کے بعد یکم دسمبر سے پاکستان، انڈونیشیا، برازیل، ویتنام، مصر اور بھارت سے مسافر براہ راست سعودی عرب جاسکیں گے۔وزارتِ داخلہ کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافروں کو اپنی کرونا ویکسی نیشن کی تفصیلات پہلے سے فراہم کرنا ہوں گی جبکہ سعودی عرب کی جانب سے منظور کی جانے والی ویکسین کی بوسٹر ڈوز بھی لگوانی ہوگی۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب پہنچنے کے بعد مسافروں کو پانچ روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے جبکہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر رپورٹ دکھانی ہوگی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی عرب نے افغانستان، ایتھوپیا، لبنان اور ترکی پر عائد سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا ہے۔اس سے قبل پاکستان، انڈیا، انڈونیشیا، برازیل، مصر اور ویتنام سے آنے والوں کو اب کسی دوسرے ملک میں 14 دن قیام کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ براہ راست سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔دوسری جانب فضائی سفری پابندی ختم ہونے کے بعد مذکورہ ممالک پر عائد عمرہ پابندی بھی ختم ہوجائے گی، انڈونیشیا، پاکستان، بھارت کے زائرین کو آئندہ ماہ سے عمرہ ادائیگی کی اجازت بھی ہوگی۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے ذرائع نے سفری پابندیاں ختم پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ایوی ایشن کی جانب سے تحریری اجازت نامہ ملتے ہی ٹکٹوں کی بکنگ شروع کردی جائے گی۔
