اسلام آباد ( یو این آئی نیوز)اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے کوئی بھی مزید محروم نہیں رکھ سکتا۔ہم اوورسیز پاکستانیوں کی ہر فورم پر آواز بنیں گے۔ ملک کی ترقی میں اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کر رہے ہیں جن کو کسی صورت بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پاکستانی اوورسیز فورم کے تحت ٹورنٹو میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔ کنونشن میںپاکستان اوورسیز ، سکھ کمیونٹی اورپاکستان اوورسیز فورم کے چیرمین شاہد رضا رانجھا اور بڑی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے شرکت کی۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا دل اس ملک کے لیے دھڑکتا ہے اور ان کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا بہت بڑی زیادتی ہو گی- وزیر اعظم پاکستان عمران خان اوورسیز پاکستانیوں سے محبت اور ان کا احترام کرتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کے یہ پاکستان میں مزید انوسٹمنٹ کریں اور ان کو ہر طرح کا تحفظ ملے ،معاون خصوصی کا کہنا تھا کے میں یہاں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کے اگر اس دفعہ اوورسیز کو ووٹ کا حق ملا تو یہ عمران خان کی ذاتی دلچسپی اور اپ سے محبت کی وجہ سے ملے گا، لیکن ہمیشہ کی طرح اپوزیشن یہاں بھی روڑے اٹکانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے اور پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے پر تیار نہیں ہے، مگر اللہ کے کرم سے پاکستان تحریک انصاف ان کو یہ حقوق دلوا کر رہے گی۔انشاءاللہ! انہوں نے کہا، احسن اقبال کہتے ہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ادراک نہیں، وہ بتائیں جب انہوں نے بیٹے کو امریکہ سے بلا کر الیکشن لڑوایا وہ یہاں کے حالات جانتا تھا؟ احسن اقبال ہم سے سیاست کریں لیکن اوورسیز سے نفرت نہ کریں۔ معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کے اس بار الیکشن جیتیں یا ہاریں الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ پر ہی ہوگا، ہمیں یا کسی جماعت کو دھاندلی کا نہیں کہنا پڑے گا۔معاون خصوصی نے کہا کے سکھ کمیونٹی کو نومبر میں بابا گورو نانک کے 552 ویں جنم دن کے موقع پر پاکستان آنے والی سکھ برادری کو خوش آمدید کہتے ہوئے ہر طرح کی سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
