شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ ہندوستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

نئی دہلی:.
شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ اپنی کامیابیوں کا جھنڈا گاڑتے ہوئے ہندوستانی فلم انڈسٹری کی تاریخ میں اب تک کی سب سے زیادہ بزنس کرنے والی فلم بن گئی ہے۔

اس فلم نے ہدایت کار سدھارتھ آنند کو ان فلم سازوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے جنہوں نے ایسی فلمیں بنائیں جنہوں نے ہندوستانی باکس آفس پر 500 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جبکہ عالمی سطح پر اس فلم نے تقریباً 1040.25 کروڑ روپے کا بزنس کر کے تاریخ میں نیا ریکارڈ بنایا ہے۔

اس فلم میں شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے علاوہ جان ابراہم، ڈمپل کپاڈیہ اور آشوتوش رانا اہم کرداروں میں نظر آئے۔

شاہ رخ خان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم’پٹھان‘ کی شاندار کامیابی پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’یہ کاروباری نہیں بلکہ ذاتی کامیابی ہے‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ لوگوں کو ہنسانا اور اُنہیں انٹرٹینمنٹ دینا ہمارا کاروبار ہے اور اگر ہم اس کے لیے ذاتی طور پر کوشش نہیں کریں گے تو کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔شاہ رخ خان نے لکھا کہ ان سب لوگوں کا شکریہ جنہوں نے فلم’پٹھان‘ کو سراہا اور جن لوگوں نے اس فلم میں کام کیا اور ثابت کیا کہ محنت، لگن اور بھروسہ ابھی زندہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں