آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےبرطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان/ پاکستان اور قطر امیری نیول فورس کے کمانڈر کی ملاقاتیں،

راولپنڈی ( یو این آئی نیوز)افغانستان، پاکستان اور ایران کے فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس کے ڈائریکٹر اور برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان مسٹر مسٹرنیجل کیسے اور قطر امیری نیول فورس کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ بن حسن السلیطی نے گذشتہ روز یہاں جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ان ملاقاتوں میں آرمی چیف نے معزز مہمانوں سے باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی حالیہ پیش رفت سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانیہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی معاملات میں برطانیہ کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اپنے دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کاخواہاں ہے۔ انھوں نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کے لیے افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر زور دیا کہ “افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے”۔ قطر امیری نیول فورس کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ بن حسن السلیطی سے ملاقات میں معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے افغان عوام کی اقتصادی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کے ساتھ افغانستان پر عالمی اتحاد کی ضرورت ہے۔معزز مہمانان نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔ انھوںنے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کوبھی تسلیم کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں