اسلام آباد (یو این آئی نیوز)خانہ جنگی کے شکار سوڈان سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کے عمل کا آغاز ہوگیا۔دفتر خارجہ کے مطابق 500 پاکستانیوں پر مشتمل پہلا قافلہ خرطوم سے نکل کر سوڈان کی بندرگاہ پہنچ گیا ہے جو بذریعہ سمندری راستہ جدہ جائیں گے۔ جدہ سے پاکستان انٹرنیشل ائیرلائن اور پاک فضائیہ کی معاونت سے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر محصور پاکستانیوں کی عارضی رہائش اور خوراک کے انتظامات بھی کرلیے گئے ہیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے میں ہنگامی رابطے کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے۔ وزیرخارجہ کی ہدایت پر پاکستانی سفارت خانے کے حکام محصور پاکستانیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے متعلقہ حکام کو سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء کے عمل کو فی الفور محفوظ طور پر انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرخارجہ نے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنانے کے لئے وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ سیل کو متحرک کر دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کو سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کی باحفاظت واپسی سے متعلق وزارت خارجہ کے حکام کی جانب سے یومیہ بریفنگ دی جا رہی ہے۔
وزیرخارجہ نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلاء کو ممکن بنانے کے آپریشن میں حصہ لینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں سینکڑوں پاکستانیوں کے انخلاء کے معاملہ پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری عید کے دنوں میں متحرک رہے۔ بلاول بھٹو زرداری سوڈان سے پاکستانیوں کے باحفاظت انخلاء کے حوالے سے سعودی عرب میں اپنے ہم منصب کے ساتھ بھی رابطے میں رہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے سوڈان سے پاکستانیوں کے باحفاظت انخلاء کے حوالے سے مدد پر ترکیہ اور مصر کی حکومتوں سے بھی اظہار تشکر کیا۔