اسلام آباد(یو این آئی نیوز)امریکا کے سرکاری نشریاتی ادارے سی این این نے افغانستان میں فوجی آپریشن کے لئے امریکا اورپاکستان کے درمیان باضابطہ معاہدے کا دعوی کیا ۔سی این این کے مطابق امریکی اراکین کانگریس کو جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ہونے والے سمجھوتے سے گزشتہ روز آگاہ کیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے بعد امریکہ افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرسکے گا، ابھی تک معاہدے کی شرائط طے نہیں پائیں، پاکستان 2 شرائط پر ایم او یو سائن کرنے کیلئے رضا مند ہے۔ پاکستان کی طرف سے انسداد دہشتگردی کی کاوشوں اور بھارت سے تعلقات میں بہتری کی مدد کی شرائط بھی شامل ہیں۔بائیڈن انتظامیہ نے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ معاہدے کا جلد امکان ہے۔ ابھی امریکہ کے پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، سمجھوتے کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔
دوسری جانب اس خبر کی تصدیق کے لیے یو این آئی کے رابطہ کرنے پر پاکستان کے اعلی سرکاری ذرائع نے سی این این کے اس دعوی کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اس موضوع پر کسی سطح پرکوئی مذاکرات نہیں ہو رہے ۔
