راولپنڈی ( یو این آئی نیوز): چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گذشتہ روز بدین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابقآرمی چیف نے امدادی اور طبی کیمپوں میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ وقت گزارا اور ملکانی شریف، ضلع بدین میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی۔
بعد ازاں انھوں نےبدین اور گردونواح کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی فضائی جائزہ لیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی میں تاجر برادری سے بھی بات چیت کی۔ بات چیت کے دوران، انھوں نے کہا کہ کاروباری برادری نے ہمیشہ پاکستان کے لوگوں کی مختلف قدرتی آفات کے دوران مدد کی ہے جس میں حالیہ سیلاب میں بھی ان کی مدد شامل ہے۔
تاجر برادری کے اراکین نے ملک کی معاشی خوشحالی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے انھیں زیادہ سے زیادہ تعاون کی یقین دہانی کرائی۔