اسلام آباد(یو این آئی نیوز) حکومتی اور فوجی قیادت کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی کے لیے معاملات طے پا گئے جس کے بعد اس حوالے سے عنقریب نوٹیفکیشن جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج جانب سے تعینات کیے گئے ڈی جی لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی ہو چکی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کی وزیر اعظم سے یہ ملاقات در حقیقت ان کے انٹرویو پر مشتمل تھی ۔ ذرائع نے کہا کہ ڈی جی کی تقرری کے لیے نہ تو وزیر اعظم کو تین افسران کے ناموں کی کوئی نئی سمری بھجوائی گئی اور نہ ہی ایک سے زائد افسران انٹرویو کے لیئے بھیجنے کے مطالبے سے اتفاق کیا گیا بلکہ کہا گیا کہ صرف ندیم انجم ہی ان سے ملاقات کے لیے آئیں گے، ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم سے متعلق وزیر اعظم کے تحفظات دور ہو گئے ہیں اور ان کو یہ یقین دہانی کرا دی گئی ہے کہ وہ ایک پروفیشنل فوجی ہیں اور اس عہدے کے لیے نہایت موزوں ہیں۔وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد قومی امکان یہی ہے کہ لیفٹننٹ جنرل ندیم احمد انجم ہی فیض حمید کی جگہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی ہو ں گے ،
