پنجاب اسمبلی کے گیٹ کھول دیے گئے ، کچھ دیر بعد اسمبلی اجلاس شروع ہو نے کا امکان،

لاہور( یو این آئی نیوز):
پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے لیے اراکین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ، اسمبلی کے گیٹ کھول دیے گئے جس کے بعد ارکان اسمبلی کے احاطے میں داخل ہونا شروع ہوگئے ، قبل ازیں سپیکرکے احکامات پر اسمبلی کے گیٹ کو تالے لگا دیے گئے تھے اور ارکان کے علاوہ میڈیا کو بھی اندر جانے سے روک دیا گیا تھا ، اسمبلی کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کے باعث وزیراعلی پنجاب کی سکیورٹی ٹیم کو بھی اندر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی گروپوں کی صورت میں اسمبلی پہنچے ، پنجاب اسمبلی کے اطراف میںپولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسمبلی ملازمین کو بھی اسمبلی میں داخل نہیں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ن لیگ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں 15سے 20 ارکان پنجاب اسمبلی جائیں گے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان میڈیا کو ساتھ لے کر اسمبلی جائیں گے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے آج کے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحاریک عدم اعتماد کاروائی کے ایجنڈے کا حصہ ہیں ،مسلم لیگ ن کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک انصاف اور اتحادی جماعت ق لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی ہے ۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار کے متن میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہی پر اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا۔

یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی تاریخ تیسری مرتبہ تبدیل کر کے آج اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

اب سے کچھ دیر بعد اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے کا امکان ہے ،

اپنا تبصرہ بھیجیں