اسلام آباد: (یو این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلومبرگ اور اکانومسٹ جیسی عالمی معاشی تنظیموں نے ملکی کامیاب معاشی اصلاحات کو تسلیم کیا ہے۔ وزیراعظم کا شوکت ترین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، کورونا میں مبتلا ہونے کے باعث عمران خان نے وزیر خزانہ کی خیریت دریافت کی اور عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں اضافہ سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم کا ٹیکس وصولی، برآمدات اور ترسیلات زر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے ہیں اور فی کس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلومبرگ اور دی اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔ ہم نے اقدامات کورونا کے دوران ملازمتوں اور زندگیوں کو بچانے کے لیے کیے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزیر خزانہ شہری، نچلے اور متوسط طبقے کی آبادی کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات شروع کریں، یہ طبقہ مہنگائی سے متاثر ہوا ہے۔ وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ مقامی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دسمبر سے کم ہو رہی ہیں۔ جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پرامید ہیں کہ جیسے ہی بین الاقوامی قیمتیں کم ہوں گی درآمدی اشیا پر دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔
