وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا لاہور دھماکے کے ملزموں تک پہنچنے کا دعویٰ

اسلام آباد: (یو این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے لاہور دھماکے کے ملزموں تک پہنچنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کو شکست دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام اداروں کوالرٹ جاری کیا ہے، تمام اداروں کوکہا ہے جاگتے رہنا ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی، جوہرٹاؤن کے بعد انارکلی میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا ہے، بی این اے ایک چھوٹا سا گروپ ہے، پتا نہیں ابھی بی ایل اے نے انارکلی حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے یا نہیں۔ دھماکے میں ایک آدمی کے پیچھے ہیں، ابھی کچھ نہیں کہنا چاہتا ورنہ شام کوبھارتی میڈیا میرے پیچھے پڑ جائے گا، دہشت گرد کے قدموں کے چاپ کے پیچھے چل رہے ہیں۔ اپوزیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اپوزیشن نے کہا اب دنوں کی بات ہے، عمران خان کہیں نہیں جارہا، عمران خان کی حکومت اپوزیشن کی جڑوں میں بیٹھ گئی ہے، جوکہہ رہے تھے حکومت جارہی ہے ان کی آنکھیں کھل جانی چاہیں۔ پیپلز پارٹی کی ٹریکٹر ریلی دراصل ’ریڑھا ریڑھی مارچ‘ ہے۔اپوزیشن کو تجویز دیتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اوآئی سی اجلاس 23 مارچ کو ہو گا، اپوزیشن 4 دن پہلے یا بعد میں احتجاج کرلے۔ اپوزیشن کوخود سوچنا چاہیے۔ اپوزیشن کے انجن میں دھواں پھنسا ہوا ہے، عدم اعتماد کی بات کرتے ہیں یہ منہ اورمسورکی دال؟ اپوزیشن والے کس منہ سے اسلام آباد آرہے ہیں، انہوں نے ملک کولوٹا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں