شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا، آرمی چیف

راولپنڈی ( یو این آئی نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کے دورے کے موقع پر کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال، نئے ضم ہونے والے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوںاور پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک اس کے خلاف لڑنے کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔انھوں نے پاک فوج، ایف سی، لیویز، خاصہ دار اور پولیس کے بہادر قبائلیوں، افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان میں مکمل امن واپس آئے گا۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے نئے انضمام شدہ اضلاع میں سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ یہ ماحول علاقے کے پائیدار استحکام اورترقی کے لیے ضروری ہے۔قبل ازیں کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں