اسلام آباد ( یو این آئی نیوز) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا کی زیادہ شرح والے تعلیمی ادارے ایک ہفتے کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ گذشتہ روز منعقد ہونے والے این سی او سی کے اجلاس کے مطابق ضلعی صحت اور تعلیم کے حکام صوبائی انتظامیہ سے مل کر بندش کا تعین کرے گی۔
این سی او سی کا کہنا ہے کہ وفاق کی اکائیاں 12 سال سے زائد عمرطلبہ کی ویکسینیشن کیلئے خصوصی مہم چلائیں اور 100 فیصد ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔این سی او سی کا مزید کہنا ہے کہ تعلیی اداروں میں آئندہ دو ہفتوں کیلئے بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹنگ کی جائے، کورونا کی زیادہ شرح والے شہروں کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹنگ پرخصوصی توجہ دی جائے۔ اومی کرون سے متاثرہ شہروں کے تعلیمی اداروں میں جارحانہ قسم کی ٹیسٹنگ کی گئی جس کا مقصد ان شہروں کےطلبہ کو کورونا سے بچانا تھا اور پھیلاؤ کا درست اندازہ لگانا تھا۔دوسری جانب وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران59ہزار343 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔جمعہ کووزارت قومی صحت کی جانب سے جاری ٹویٹ میں شیئر کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59ہزار343 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ،جن میں سے 7ہزار 678 افراد کےٹیسٹ مثبت آئے جس کے بعد کورونا ٹیسٹوں کی مثبت شرح12.93 فیصد رہی ۔مزید برآںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 23افراد جاں بحق ہوئے جبکہ961مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
