اسلام آباد ( یو این آئی ).
پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کی جانب سے اسلام آباد میں بڑی ہنگامہ آرائی کا خطرہ ٹل گیا ، انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کے نتیجے میں مظاہرین کی جانب سے احتجاج کو ختم کر دیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے ریڈ زون تک پہنچنے والے پی ٹی ایم کے درجنوں کارکنوں کو ریڈ زون سے گرفتار کرکے پولیس سٹیشن منتقل کر دیا گیا ، واضح رہے کہ پی ٹی ایم نے جمعہ کے روز اسلام آباد کے ریڈ زون میں واقع شاہراہ دستور پر سپریم کورٹ بلڈنگ کے سامنے اپنے مختلف مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج کی کال دے رکھی تھی ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اس احتجاج کو روکنے کے لیے سخت ترین انتظامات کر رکھے تھے اور اس سلسلے میں رینجرز اور ایف سی کی بھی مدد لی گئی تھی .
تاہم پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) کا احتجاجی مارچ اسلام آباد پہنچ کر ختم ہو گیا ، مظاہرین کو ترنول کے مقام پر روک لیا گیا ، رات گئے تک مظاہرین ریڈ زون کی طرف پیش قدمی پر بضد رہے جبکہ سپریم کورٹ کے باہر چند کارکنان پہنچنے میں کامیاب ہوئے جنہیں پولیس نے حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا تاہم انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد ترنول کے مقام پر جاری احتجاج ختم ہو گیا ۔
ترنول کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری نے مظاہرین کو پیش قدمی سے روکتے ہوئے پشاور جی ٹی روڈ کو بند کر دیا جس کے بعد مظاہرین نے ترنول کے پاس ہی ڈیرے جما لئے اور پشاور جی ٹی روڈ کو آمد و رفت کے لئے دونوں اطراف سے بند کر دیا جبکہ چند کارکنان ریڈ زون میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے سو سے زائد کارکنان کو ریڈ زون سے گرفتار کیا تاہم رات گئے ترنول کے مقام پر انتظامیہ مظاہرین میں کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کر دیا گیا۔