پاکستان اور ایران کے درمیان 100 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کا افتتاح

پشین(یو این آئی)وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاک ایران سرحدی مارکیٹ اور بجلی کی فراہمی کا افتتاح کردیا۔منصوبے کے افتتاح کے بعد ایران سے گوادر کو روزانہ 100 میگاواٹ بجلی ملے گی۔

وزیرِاعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پاک ایران سرحد پر قائم بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا، دونوں رہنماو¿ں نے مارکیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پودا بھی لگایا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج ایرانی صدر ابراہیم رائیسی سے تمام باہمی معاملات پر ہمہ گیر بات چیت ہوئی، دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پایا کہ تمام شعبہ جات میں تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ طے پایا کہ فری ٹریڈ کے عنصر کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، بجلی ٹرانسمیشن لائن کے حوالے سے آگے بڑھنے پر بھی اتفاق ہوا ہے، ایرانی صدر سے ملاقات میں سی پیک کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سے قبل پاک ایران سرحد پر قائم پشین مند مارکیٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دکانوں میں بہترین سامان تھا اس سے دونوں ممالک میں تجارت بڑھے گی، تجارت سے ملحقہ علاقوں میں ترقی ہوگی۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کو پھر پاکستان آنے کی دعوت دی اور انہوں نے اسے قبول کیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان شمسی توانائی اور دوسرے معاملات پر بھی وفود کا تبادلہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان 100 میگاواٹ بجلی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ تاخیر کا شکار رہا، یہ منصوبہ سرد خانے میں تھا جسے تیزی سے شروع کیا، ہمارے وزیر توانائی ایران گئے اور ایرانی صدر نے بھی اس معاملے پر ذاتی دلچسپی لی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں