سکیورٹی فورسز کی توجہ انسداددہشتگردی اورانٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے, جو کامیابی سے جاری ہیں‌. آرمی چیف جنرل عاصم منیر

کراچی :: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم دہشت گردی جیسے چیلنجوں پر کائنیٹک ایکشنز کے ذریعے ہی قابو نہیں پا سکتی بلکہ اس کے لیے اسے باہمی اعتماد،عوام کے عزم اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت ہے،سکیورٹی فورسز کی توجہ انسداددہشتگردی اورانٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے,

انھوں نے ان خیالات کا اظہار دورہ کراچی کے موقع پر کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گذشتہ روز کراچی کا دورہ کیا، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے، آرمی چیف اور وزیر اعلی سندھ کو کور ہیڈ کواٹر میں پولیس آفس پر دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے حملے اوراس کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کاروائی کے بارے میں بریفنگ دی گئی ،

بعداز اں آرمی چیف نے وزیر اعلی سندھ کے ہمراہ پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا جہاں جمعہ کی رات پاک آرمی اسپیشل سروس گروپ (SSG)، پاکستان رینجرز سندھ اور سندھ پولیس نے مشترکہ طور پر انسداد دہشت گردی کے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں تمام دہشت گردوں کو واضل جہنم کرتے ہوئے اس جگہ کو کلیئر کیا،

وزیراعلیٰ اور آرمی چیف نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کا بھی دورہ کیا اور پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کے زخمی جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈیوٹی کے دوران فوج، پولیس اور پاکستان رینجرز (سندھ) کی بہادری، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کے غیر متزلزل عزم اور مادر وطن کے دفاع میں دی گئی لاتعداد قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے اور انھیںسلام پیش کرتی ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا، گمراہ کن تصورکو لالچ اور دباؤ سے مسلط کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ صرف کائینٹک ایکشنز سے ہی ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے ہامی اعتماد ، قوم کے عزم اور تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آھنگی کی ضرورت ہے،

انھوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا اور شکست دی ہے، ہم مل کر خوشحال مستقبل کےلیے اس خطرے پر غالب آئیں گے۔جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کی توجہ انسداددہشتگردی اورانٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پر ہے، انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز پورے ملک میں نہایت کامیابی سے کیےجا رہے ہیں۔

قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا.

اپنا تبصرہ بھیجیں