اسلام آباد ::الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے الیکٹرانک میڈیا پر چلائے جانے والے ترقیاتی کاموں سے متعلق اشتہاری مہم کا نوٹس لیتے ہوئے اسے ضابطہ اخلاق اور الیکشن ایکٹ 2017 کی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور پیمرا کو اس اشتہاری مہم کی روک تھام کو یقینی بنانے کی درخواست کی ہے ،
اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے چیرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ قومی ااسمبلی کی 64 خالی نشستوں پر 16 اور 19 مارچ کو ضمنی الیکشن ہونے جا رہے ہیں ان میں صوبہ سندھ سے بھی قومی اسمبلی کی نشستیں بھی شامل ہیں ، الیکشن کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے ، جبکہ9 فروری کا ضمنی الیکشن سے متعلق ضابطہ اخلاق بھی جاری ہوچکا ہے ،
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں یہ بات آئی ہے کہ ضمنی الیکشن سے قبل سندھ حکومت کی جانب سے ٹی وی چینلز پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے پیڈ اشتہاری مہم چلائی جا رہی ہے جو کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 180 اور ضابطہ اخلاق کے پیرا 20 کی خلاف ورزی ہے ،
خط میں پیمراسے درخواست کی گئی ہے کہ وہ نہ صرف الیکشن سے قبل بلکہ پولنگ کے دن تک اس مہم پر پابندی یقینی بنائے ۔