وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک عدم کے خلاف حکمت عملی طے کر لی ،اتحادی جماعتوں کو کابینہ میں مزید نمائندگی دینے کا فیصلہ.

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز )وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی تحریک عدم کے خلاف حکمت عملی طے کر لی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت نے تحریک عدم اعتماد کے خلاف حکمت عملی کے طور پر اتحادی جماعتوں کو وفاقی کابینہ میں مزید نمائندگی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا جائے گا اور اتحادی جماعتوں سے کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے گلے شکوے اور تحفظات فوری طور پر دور کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے قریبی رفقا سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔خیال رہے کہ حکومتی اتحاد میں شامل بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) اور ایم کیو ایم پاکستان سمیت دیگر اتحادیوں نے وزارت کا مطالبہ کر رکھا ہے۔اور ان کی جانب سے اس حوالے سے کھلم کھلا اختلاف کا بھی اظہار کیا جا رہا ہے ، یہ جماعتیں پی ڈی ایم کی جانب سے حکومت کےخلاف عدم اعتماد کے اعلان کے نتیجے میں زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے یا حکومت کو بلیک میل کرنے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں اور اطلاعات کے مطابق حکومت ان کے ہاتھوں بلیک میل ہونے پر آماد ہ دکھائی دے رہی ہے اور اس نے ان جماعتوں کے ارکان کو کابینہ میں شامل کر کے ان کو خاموش کرانےکی منصوبہ بندی پر کام شروع کر دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق کچھ موجودہ وزرا کے محکمے بھی تبدیل کیے جانے کا امکان ہے ،اسی طرح حکومت نے پنجاب میں بھی اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کا راستہ روکنے کے لیے وہاں بھی کابینہ میں تو سیع پرمشاورت شروع کر رکھی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں