سری نگر ( یو این آئی ):
بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کے خلاف وحشیانہ آپریشن ، جوابی کاروائی میں سکیورٹی فورسز کے کرنل اور میجر سمیت 4 بھارتی افسر ہلاک، آپریشن کا مرکز اننت ناگ ہے .
بدھ کی صبح ہوئے حملے میں جنوبی کشمیر کے علاقے کوکرناگ میں تعینات بھارتی فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کرنل منپریت سنگھ، میجر آشیش اور جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ ہلاک ہوگئے۔
سرحد پار کے خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی فوج کے ایک ترجمان نے کہا کہ سری نگر سے تقریباً 90 کلومیٹر دور کوکر ناگ کے گڈول علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر’ 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی رات جموں و کشمیر پولیس اور فوج نے مشترکہ طور پر ایک آپریشن شروع کیا تھا۔
۔
مختصر وقفے کے بعد آپریشن اس وقت دوبارہ شروع کیا گیا جب سیکورٹی فورسز کو مبینہ طور پر اطلاع ملی کہ حملہ آور گڈول گاؤں کے ایک پہاڑی علاقے میں ایک خفیہ ٹھکانے میں پناہ لے رہے ہیں، جو گھنے جنگلات کے درمیان واقع ہے۔
سیکیورٹی فورسز جب ٹھکانے کی طرف بڑھیں تو دوسری جانب سے شدید گولی باری کا آغاز ہو گیا اور سکیورٹی فورسز اس کی زد میں آگئیں۔جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کا ایک کرنل ااور ایک میجر کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس کا ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ زخمی ہو گئے ۔ایک آرمی ہیلی کاپٹر کی مدد سے زخمیوں سری نگر کے ایک فوجی اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
مرنے والوں کی شناخت کرنل منپریت سنگھ، جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) ہمایوں مزمل بھٹ اور فوج کی 19 راشٹریہ رائفلز کے میجر آشیش دھونچک کے طور پر کی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، ڈرونز اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے گڈول کے جنگلاتی علاقوں کے ارد گرد فضائی جاسوسی سروے کرتے ہوئے مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے ایک بڑا سرچ آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران جنوبی کشمیر میں یہ بھارتی فوج پر ہوا یہ دوسرا حملہ ہے۔ 4 اگست کو کولگام کے جنگلات میں حملہ آوروں نے ایک عارضی فوجی چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے تین فوجی مار دیے تھے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
اس سال کے شروع سے اب تک پیر پنجال کے پونچھ اور راجوڑی اضلاع میں دو الگ الگ حملوں اور مقابلوں میں ایلیٹ پیرا یونٹ کے پانچ کمانڈوز سمیت کم از کم 10 فوجی مارے گئے ہیں۔
blockquote>