پنجاب میں‌ضمنی انتخاب سے پہلے ووٹوں کی مبینہ خریداری کا انکشاف.

لاہور (یو این آئی نیوز):
لاہور میں ضمنی انتخاب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ووٹوں کی مبینہ خریداری کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے پی پی 168 سے زیر حراست مشتبہ شخص سے سینکڑوں شناختی کارڈ برآمد کرلئے، ملزم پی ٹی آئی رہنماء حافظ فرحت سے رابطے میں رہا، مبینہ طور پر فرخ حبیب سے ہدایات بھی لیں۔

لاہور کے ضمنی انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ووٹ کے عوض شہریوں کو رقم دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پی پی 168 سے زیر حراست ملزم سے سیکڑوں شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کے اسپیشل سیل نے مشتبہ شخص کو روک کر بیگ چیک کیا تو سینکڑوں شناختی کارڈ برآمد ہوئے، ملزم نے اپنا تعلق تحریک انصاف سے بتایا اور ہزاروں شناختی کارڈ جمع کرنے کا دعویٰ کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم خالد سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، خالد حسین پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء حافظ فرحت سے رابطے میں رہا جبکہ مرکزی رہنماء فرخ حبیب کو واٹس ایپ پر شناختی کارڈز کی تصاویر بھی بھیجیں اور مبینہ طور پر ہدایات بھی لیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے، جس کے بعد ضابطے کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کے 20 حلقوں میں 17 جولائی کو ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی، یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنماؤں کو ڈی سیٹ کئے جانے کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں