اسلام آباد (یو این آئی)قومی اسمبلی نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کی شق وار منظوری دیدی
سپیکرپرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس میں رانا قاسم نون نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 میں منظوری کیلئے پیش کیا۔ بل کے متن کے مطابق کسی ایوان یارکن کااستحقاق مجروح کرنے پر سزاہوگی۔
اس سے قبل 15 مئی کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط و استحقاق نے توہین پارلیمنٹ بل 2023 کی منظوری دی تھی۔
بل میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کیلئے توہین پارلیمنٹ کا قانون تجویز کیا گیا ہے، بل کے مطابق پارلیمانی کمیٹی توہین پارلیمان پر کسی بھی ریاستی یا حکومتی عہدیدار کو طلب کر سکے گی۔
توہین پارلیمنٹ بل میں قید اور جرمانے کی سزائیں تجویز کی گئی ہیں، پارلیمنٹ کی توہین کے مرتکب ملزم کو 6 ماہ قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزائیں دی جا سکیں گی۔
کمیٹی میں حکومت اور اپوزیشن کے 50-50 فیصد اراکین کو شامل کیا جائے گا، بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کمیٹی شکایات کی رپورٹ پر سپیکر قومی اسمبلی یا چیئرمین سینیٹ کو سزا تجویز کرے گی۔