آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کی صورت میں ن لیگ کی طرف سے وزیر اعظم کا امیدوار شہباز شریف یا مریم نواز؟، نئی بحث چھڑ گئی

اسلام آباد ( یو این آئی نیوز )شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دیے گئے حالیہ بیان، کہ شہباز شریف 2023 کے عام انتخابات میں ن لیگ کی طرف سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے، سے نئی بحث چھڑ گئی ہے اور شاہد خاقان عباسی کے بیان کی تصدیق میں محمد زبیر کی ہچکچاہٹ سے ایک نیا تنازع پیدا ہو گیا ہے۔

مریم کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عدالتوں نے انہیں نااہل قرار دیا تھا اور وہ الیکشن نہیں لڑ سکتیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کی صورت میں شہباز شریف وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے امید وار ہوں گے، اس کا فیصلہ خاندان کی سطح پر کیا جا چکا ہے اورشریف فیملی کے باہر سے اگر کوئی اولین چوائس ہے تو وہ شاہد خاقان عباسی ہو سکتے ہیں،

جبکہ سابق گورنر سندھ محمد زبیر جونواز شریف اور مریم نواز دونوں کے ترجمان ہیں کا کہنا تھا کہ انہیں ایسے کسی فیصلے کا علم نہیں۔ اس کی بجائے انہوں نے دلیل دی کہ مریم کو عدالتوں سے کلین چٹ مل سکتی ہے اور وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے کیلئے سرفہرست امیدوار ہو سکتی ہیں۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز پرجوش اور عوام کیلئے ایک پرکشش رہنما ہیں، مریم میں ن لیگ کی طرف سے باآسانی الیکشن جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں